ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر: ستارا کے گاؤں کا آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر کے استعمال کا فیصلہ

مہاراشٹر: ستارا کے گاؤں کا آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر کے استعمال کا فیصلہ

Wed, 11 Dec 2024 10:43:13  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، لیکن ای وی ایم کے استعمال پر عوامی تحفظات برقرار ہیں۔ سماج کے ایک بڑے طبقے نے ای وی ایم کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانے کا مطالبہ تیز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں ستارا ضلع کے ایک گاؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں ہونے والے تمام اسمبلی انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں گے اور اس کے لیے ایک قرارداد بھی منظور کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ستارا ضلع کے گاؤں کولیواڑی نے مستقبل میں بیلٹ پیپر سے انتخاب کرانے کا قرارداد پاس کیا ہے۔ یہ مہاراشٹر کا دوسرا ایسا گاؤں ہے جس نے ای وی ایم کے خلاف اس طرح کا قرارداد پاس کیا ہے۔ کولیواڑی گاؤں کراڈ (جنوب) اسمبلی حلقہ کے تحت آتا ہے، جس کی نمائندگی پہلے سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کرتے تھے۔ یہاں پر حالیہ اسمبلی انتخاب مین پرتھوی راج چوہان بی جے پی امیدوار اتل بھوسلے سے 39 ہزار 355 ووٹوں سے ہار گئے تھے۔

کولیواڑی کے باشندوں کی طرف سے ای وی ایم کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹوں پر اندیشہ ظاہر کیے جانے کے بعد یہ قرارداد پاس کیا گیا۔ یہ قرارداد سولاپور کے مالشرس انتخابی حلقہ کے مرکڈواڈی کی دیہی عوام کے ایک طبقہ کی طرف سے ای وی ایم پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے بیلٹ پیپر کا استعمال کر کے نقلی ’از سر نو ووٹنگ‘ کرانے کی کوشش کے کچھ دنوں بعد پاس کیا گیا۔ حالانکہ انتظامیہ اور پولیس نے ان کی کوششوں کو ناکام کر دیا تھا۔

گاؤں کے ایک باشندہ نے 10 دسمبر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کولیواڑی گرام سبھا نے ایک قرارداد پاس کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں انتخاب ای وی ایم کے بغیر بیلٹ پیپر سے کرائے جانے چاہئیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو اجتماعی مطالبہ کا خیال رکھتے ہوئے بیلٹ پیپر نظام پر واپس لوٹنا چاہیے۔ مقامی باشندہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے عزم کیا ہے کہ کولیواڑی کے لوگ تبھی ووٹنگ کریں گے جب بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جائے گا۔ اگر مستقبل میں انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال کیا جاتا ہے تو ہم ووٹ نہیں ڈالیں گے۔‘‘

اس معاملے سے ستارا ضلع کلکٹر جتیندر ہوڈی نے ناواقفیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے دفتر کو گرام پنچایت کی طرف سے ایسے کسی قرارداد کی کاپی نہیں ملی ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ’’چونکہ ہمیں کاپی نہیں ملی ہے، اس لیے میرے لیے تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ایک بار ہمیں کاپی مل جائے، پھر ہم ضروری قدم اٹھائیں گے۔‘‘


Share: